منډيګک
افغان تاريخ

مردان کی تاریخی عظمت!

شیخ نوید اسلم

0 856

مردان پختونخوا کا تاریخی شہر ہے یکم جولائی1988ء کو صوبہ خیبرپختونخوا کے تاریخی شہر مردان کو ڈویژن کا درجہ ملا۔ اس طرح صوبہ خیبرپختونخوا میں چھٹا ڈویژن مردان ڈویژن ہے۔ مردان کی وجہ تسمیہ کے بارے میں بزرگوں کا کہنا ہے کہ اوائل میں اس علاقہ کو ایک ممتاز روحانی پیشوا مردان شاہ کے نام سے موسوم کیا گیا حتیٰ کہ یہ سارا علاقہ ہی مردان کے نام سے پکارا جانے لگا۔ مردان، صوبہ خیبرپختونخوا کے صدر مقام پشاور سے چالیس میل دور شمال مشرق میں واقع ہے۔ مردان دور غلامی میں پشاور کی تحصیل تھا جسے یکم جنوری 1937ء میں ضلع کا درجہ دیا گیا۔ پاکستان کے ایک سابق صدر سکندر مرزا مرحوم ضلع مردان کے پہلے ڈپٹی کمشنر مقرر کیے گئے۔

ضلع مردان کے تاریخی مقامات شہباز گڑھی، گڑھی، اور تخت بھائی ایک دوسرے سے نومیل کے فاصلے پر ہیں یہاں کے آثار قدیمہ مردان کی تاریخی عظمت کا تعین کرتے ہیں۔ مردان کا علاقہ بیرونی حملہ آوروں کے ہاتھوں کئی مرتبہ شکست و ریخت سے گزرا اور محمود غزنوی سے احمد شاہ ابدالی تک تمام مسلمان سلاطین ہندوستان پر لشکر کشی کے دوران ان علاقوں سے گزرے۔ مردان چھائونی کی تاریخ خاصی طویل ہے1850ء میں سب سے پہلے یہاں گائیڈوں نے ڈیرہ جمایا اور بعدازاں یہ فوجی دستے بغداد اور گوجر گڑھی تک پھیل گئے دسمبر1853ء میں مردان قلعے کی تعمیر شروع ہوئی جس میں بارہ سو مقامی مزدوروں نے حصہ لیا۔ مردان میں جگہ جگہ تاریخی آثار پائے جاتے ہیں۔ سوتی مردان سے 9 میل دور، مردان مالاکنڈ روڈ پر ایک پہاڑی پر جو سطح سمندر سے کوئی دو ہزار فٹ بلند ہے قدیم زمانہ کے کھنڈرات پائے جاتے ہیں۔ پہاڑ کی عین چوٹی پر بودھوں کی ایک عبادت گاہ اور درس گاہ کے آثار پائے جاتے ہیں۔ مردان سے آٹھ میل مشرق کو صوابی جانے والی شاہراہ پر شہباز گڑھ کا تاریخی قصبہ واقع ہے شہنشاہ بابر نے تزک بابری میں اس کا ذکر کیا ہے کہ قصبے نے موجودہ نام شہباز قلندر نامی ایک بزرگ سے پایا ہے۔ جو بابر کی آمد سے 30 برس پیشتر فوت ہو چکے تھے۔ مردان صوابی روڈ پر شہباز گڑھ سے کوئی بارہ میل شمال مشرقی کو اسوڑ قصبہ ہے یہاں سے ایک ذیلی سڑک شیوہ کو بھی نکلتی ہے اس جگہ پتھروں کی بنی ہوئی ایک قدیم عمارت کے آثار ملے ہیں۔ محققین کہتے ہیں کہ پتھر کی یہ عمارت ایک قدیم عبادت گاہ تھی جہاں سورج دیوتا کی پرستش کی جاتی تھی۔ تخت بھائی کے قدیم قصبے سے دو ڈھائی میل جنوب مغرب کو ساری بہلول کا گائوں ایک اونچے ٹیلے پر ہے۔ ساری بہلول صوبہ خیبرپختونخوا میں گندھارا آرٹ کا بہت بڑا خزینہ ہے، مردان سے بیس اکیس میل مشرق میں سنگھائو کے مقام سے ملنے والے پتھر کے اوزار آج سے چالیس ہزار برس پہلے کی انسانی آبادی کا پتا دیتے ہیں۔ مردان کو تاریخی اور تجارتی لحاظ سے صوبہ خیبرپختونخوا کے اہم شہر کی حیثیت حاصل ہے یہ شہر اپنے دامن میں اتنی داستانیں پنہاں کیے ہوئے ہے جتنی کسی قدیم شہر کی ہو سکتی ہیں لیکن کسی نے ان تاریخی مقامات اور یاد گاروں کے پیچھے چھپی ہوئی داستانیں پڑھنے کی کوشش نہیں کی۔ اس خطے میں بدھ مت کے کھنڈرات، محمود غزنوی، نادر شاہ، احمد شاہ ابدالی، مغلوں، درانیوں، سکھوں اور انگریزوں کی فتوحات اس بات کی آئینہ دار ہیں کہ یہ علاقہ ماضی میں مختلف تہذیبوں کا مسکن رہا ہے۔ تاریخ سے پتہ چلتا ہے کہ 326ء ق م میں یونان شہنشاہ سکندر اعظم سوات اور بونیر کے راستے سے ہوتا ہوا مردان کے علاقے میں اٹک سے 20 میل شمال مشرق میں ہنڈنام کا ایک شہر بسایا جو برسوں وادی گندھارا کا دارالحکومت رہا۔ مردان کینٹ کے علاقے میں برطانوی دور حکومت کی قائم کردہ ایک یادگار عمارت موجود ہے جسے 1892ء میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی یاد میں تعمیر کیا گیا تھا انگریزی اقتدار کی حفاظت کرتے ہوئے کوئین اون کیولری کے سپاہیوں کے دستہ جس میں سکھوں اور ہندوئوں کے علاوہ مسلمان سپاہی بھی شامل تھے۔3 ستمبر1879ء کو کابل ریذیڈنس پر افغانوں کی یلغار پر کندہ ہیں اس یادگار عمارت کے دائیں جانب پہلی منزل پر چند سیڑھیاں چڑھنے کے بعد ایک چوبی تختہ دیوار کے ساتھ سیڑھیوں میں نسب کیا گیا ہے۔ عام طور پر لوگ اس تختے کے بارے میں نہیں جانتے حالانکہ یہ تختہ ہماری تاریخ کا روشن باب ہے اس تختے کے پیچھے صوبہ خیبرپختونخوا کے نپولین عمر ا خان کا چہرہ چھپا ہوا ہے جس نے ماضی میں انگریزوں کے خلاف آزادی کی جنگ لڑی یہ مضبوط چوبی تختہ جس کی موٹائی چار انچ ہے۔ منڈا قلعہ، دیر کے اس دروازے کا حصہ ہے جسے سر کرنے کی مہم میں انگریزوں کو قدم قدم پر خیبرپختونخوا کے مجاہدوں کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ عمرا خان، منڈا قلعہ کا سردار تھا اس کی بے مثال بہادری اور شجاعت کی داستانیں آج بھی یہاں کے بچے بچے کی زبان پر ہیں۔ انگریز قلعے کے دروازے کا ایک حصہ فتح کی نشانی کے طور پر اُکھاڑ کر مردان لے آئے مالا کنڈ کی جنگ میں عمرا خان کے خلاف استعمال کی جانے والی توپیں بھی مردان میں تعمیر کی جانے والی یاد گار کے طور پر رکھ دی گئیں۔ آج بھی یہ توپیں عمرا خان کی توپوں کے نام سے مشہور ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

error: Protected contents!